ہوڑہ ، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مغربی بنگال کے ہوڑہ میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ اُلوبیریا علاقے میں پٹاخہ جلانے کے دوران آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر میں پھیل گئی۔ اس واقعے میں تین معصوم بچوں کی آگ میں جھلس کر دردناک موت واقع ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچے کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ مزید یہ کہ آگ نے قریبی ایک دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ فائربریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا، لیکن تب تک تین بچے شدید جھلس چکے تھے، جس کی وجہ سے ان کی جانیں چلی گئیں۔
ایک افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ اُلوبیریا میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 27 کا ہے۔ حادثہ کے دوران اسی علاقے کے کچھ بچے پٹاخے جلا رہے تھے۔ اسی اثنا میں ایک پٹاخہ کی چنگاری قریب میں رکھے پٹاخوں پر گر گئی جس سے آگ لگ گئی۔ آگ بہت تیزی سے پھیلی اور اس نے ایک گھر کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ افسر نے آگے بتایا کہ اس آگ میں زخمی ہوئے بچوں کو فوراً اُلوبیریا میڈیکل کالج اور اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ حادثہ میں زخمی ہوئے دیگر دو کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے جن کا علاج چل رہا ہے۔
وہیں اس معاملے پر فائر بریگیڈ کے افسر نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ ٹیم کی دو گاڑیاں فوراً جائے حادثہ پر بھیجی گئیں۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ انہوں جانکاری دی کہ تینوں مہلوکین کی شناخت تانیا مستری، ایشان دھارا اور ممتاز خاتون کے طور پر ہوئی ہے۔ افسر کے مطابق جس گھر میں آگ لگی تھی وہ کاجل شیخ نام کی ایک خاتون کا تھا، مرنے والے تینوں بچوں میں سے ایک ان کے ہی کنبہ کا تھا جبکہ باقی بچے پڑوسی تھے۔